پی سی بی نے سود کی مد میں ساڈھے 4ارب سے زائد رقم کمالی

718

اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) نے گزشتہ 7 سالوںمیں اکائونٹس میں جمع کرائی گئیں رقوم سے 4ارب 33 کروڑ 53لاکھ 31 ہزار382روپے سود کمایا ۔ اس بات کا انکشاف قومی اسمبلی میں وزات بین الصوبائی رابطہ نے ارکان کے سوالوں کے جواب میں تحریری جوابات میں کیا۔رکن اسمبلی فوزیہ بہرام کے سوال کے تحریری جواب میں وزات بین الصوبائی رابطہ نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سات سالوںمیں اکائونٹس میں جمع کرائی گئیں رقوم سے 4 ارب 33کروڑ53لاکھ31ہزار 382روپے سود کمایا ، 2014میں19کروڑ 96 لاکھ 42 ہزار 256روپے سود کمایا گیا ،2015میں 49کروڑ 55لاکھ 2ہزار 447روپے کا سود کمایا گیا ، 2016 میں 51 کروڑ 37لاکھ35 ہزار 746 روپے سود کمایا گیا ،2017میں 45 کروڑ 97 لاکھ 6 ہزار621 روپے سود کمایا گیا ،2018 میں45کروڑ98لاکھ 69ہزار99روپے ، 2019میں 70 کروڑ 51 لاکھ 25 ہزار 567 روپے جبکہ 2020میں ایک ارب 50 کروڑ 17لاکھ 49ہزار646 روپے سود کی مد میں پی سی بی نے کمائے۔ رکن اسمبلی سید محمود شاہ کے سوال کے تحریری جواب میں وزات بین الصوبائی رابطہ نے ایوان کو بتایا کہ پی سی بی میں 325ملازمین معاہداتی بنیادوں پر ہیں، معاہداتی ملازمین کی خدمات کو بورڈ کی مقتضیات اور ملازمین کے رویہ کے مطابق باقاعدہ بنایا جاتا ہے ، یہ درست نہیں ہے کہ زیادہ تر ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ نہیں بنایا گیا ہے، پی سی بی نے پہلے ہی سے ان ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا عمل شروع کردیا ہے جو چار سال سے زائد عرصہ سے پی سی بی میں ہیں اور ان کی عمر 50سال سے کم ہے اور ریکارڈ صاف ہے۔