یورپی چمپئنز لیگ میں 4نئی ٹیموں کا اضافہ ،تعداد36ہوگئی

266

میڈرڈ(جسارت نیوز)یوئیفا کے ترجمان نے کہا ہے کہ یورپی چمپئینز لیگ میں چار ٹیموں کا اضافہ کر دیا گیا ہے، اب لیگ مقابلے 36ٹیموں کے مابین کھیلے جائیں گے۔یوئیفا کے ترجمان نے مزید کہا کہ یورپی چمپئینز لیگ کے موجودہ گروپ مرحلے کی جگہ اب 2024/25کے سیزن سے ایک ہی لیگ منعقد کی جائے گی۔یورپی فٹ بال کے نئے فارمیٹ کے تحت اب پریمئیر مقابلوں میں ہر ٹیم 8 میچز کھیلے گی، جو چار ہوم اور چار اوے کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ایونٹ میں چار ٹیموں کی آمد کے بعد اب لیگ کی سرفہرست آٹھ ٹیمیں ناک آٹ مرحلے کے لئے خود بخود کوالیفائی کر لیں گی۔ جبکہ نویں سے 24 ویں نمبر پر آنے والے ٹیمیں پلے آف میچز میں حصہ لیں گی۔یوئیفا کے صدر الیگزینڈر سیفرین کا کہنا ہے کہ لیگ کا نیا فارمیٹ ایونٹ کے توازن کو درست رکھنے میں کارگر ثابت ہو گا، اور یہ ٹیموں کے مابین مسابقتی توازن کو بہتر بنائے گا۔یوئیفا کے صدر کے مطابق لیگ میں اس تبدیلی سے کھیل میں بہتری کے ساتھ آمدنی میں بھی اضافہ ہو گا، جس سے نچلی سطح پر پورے براعظم یورپ میں فٹ بال کی ترویج کا کام لیا جائے گا۔