مراد علی شاہ نے وفاقی سے صوبے میں لوڈ شیڈنگ کا معاملہ اٹھادیا

193

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر سے ملاقات میں صوبے کے دیہی علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ کا معاملہ اٹھایا۔ دونوں رہنماں کے درمیان ملاقات جمعرات کے دن وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک طرف دن میں 12 گھنٹے سے زاید بجلی بند رہتی ہے اور دوسری طرف عوام کو مہنگے بل جاری کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر پر زور دیا کہ وہ حیسکو اور سیپکو حکام کو ان مسائل کے حل کرنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کریں۔ وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ دونوں مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے گا اور دوسرے میں اسے ختم کیا جائے گا تاہم اس میں تھوڑا وقت لگے گا۔ خرم دستگیر نے یہ بھی کہا کہ وہ حیسکو اور سیپکو حکام سے بات کریں گے کہ وہ میٹر کی درست ریڈنگ کریں اور اس کے مطابق بجلی کے بل جاری کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شہر کراچی میں لوڈشیڈنگ کے مسئلہ پر بھی وفاقی وزیر کے ساتھ بات کی۔ وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ وہ کے الیکٹرک انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ کر رہے ہیں اور انہیں ان کی خدمات میں بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کریں گے۔