بینکوں کے باہر عوام کا رش سیکورٹی رسک سے کم نہیں ، الطاف میمن

168
حیدرآبادچیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے صدر الطاف میمن، ریجنل منیجر یو بی ایل بینک عدیل میمن ودیگر کیساتھ کیک کاٹ رہے ہیں

 

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے وفد کے ہمراہ ریجنل منیجر یو بی ایل بینک عدیل عارف میمن کی دعوت پر عید ملن پارٹی میں شرکت کی۔ اِس موقع پر صدر چیمبر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ یو بی ایل بینک کی ان تمام برانچز میں جہاں پر کیش کائونٹنگ مشین کی کمی ہے وہاں یہ سہولت مہیا کی جانی چاہیے۔ بینکوں کے باہر عوام کا رش بہت زیادہ ہوتا ہے جو کسی سیکورٹی رسک سے کم نہیں ہے اور اس کی وجہ سے عوام و تاجر کے لٹنے کا خطرہ رہتا ہے جس کا فوری حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اُنہوں نے یو بی ایل بینک کی انتظامیہ اور عدیل عارف میمن کو دعوت دی کہ وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سیکرٹریٹ میں تاجروں کے سامنے اپنی نئی پروڈکٹس کو متعارف کرائیں جس سے تاجروں اور یو بی ایل بینک کے درمیان بہتر رابطہ قائم ہوگااور تاجروں اور یوبی ایل بینک دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔ بینکنگ امور سب کمیٹی کے کنوینر محمد عارف میمن نے کہا کہ بینک کے عملے کو عوام و تاجروں سے مثبت اور دوستانہ رویہ رکھنے کی ضرورت ہے خاص طور پر آن لائن ٹرانزیکشن والے حضرات کو بلا وجہ انتظار کروانے کے تاثر کو ختم کرنا ہوگا۔ اس موقع پر عید ملن پارٹی کے سلسلے میں کیک بھی کاٹا گیا اور عدیل عارف میمن نے اور بینک انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن سہولت اور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وفد میں سینئر نائب صدر محمد ادریس میمن، سابق صدر دولت رام لوہانہ، رکن مجلس عاملہ محمد نعیم شیخ و دیگر موجود تھے۔