کراچی کے علاقے صدر میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق،13 زخمی

203

 

کراچی (نمائندہ جسارت)کراچی کے علاقے صدر میں داؤد پوتہ روڑ پر دھماکے سے کئی گاڑیوں کونقصان پہنچا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کوسٹ گارڈز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے جبکہ 13 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کے جسم پر بال بیئرنگ کے زخم ملے ہیں جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ یہ بم دھماکا تھا جس میں بال بیئرنگز استعمال کیے گئے۔ قانون نافذ کرنے والے علاقے جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں دھماکے کی نوعیت جاننے کیلیے تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کے مطابق دھماکا مرشد بازار کے قریب ایک بیکری اور ہوٹل کے باہر ہوا جہاں رات کے اس پہر کافی چہل پہل ہوتی ہے۔پولیس کے مطابق دھماکا ایک کچرا کنڈی میں ہوا جس سے وہاں آگ لگ گئی اور آس پاس کھڑی ہوئی کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔دھماکے سے قریبی ہوٹلز اور رہائشی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق کئی زخمیوں کو جائے وقوع سے ان کی گاڑیوں اور عملے نے اٹھایا ہے اور جناح اسپتال منتقل کیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا گھیراؤ کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی موقع پر طلب کرلیا گیا ہے۔