ایون فیلڈریفرنس:2جون سے روزانہ سماعت کافیصلہ

232

 

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں لیگی رہنما مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں میں فریقین کو تیاری کر کے آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کردی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران مریم نواز اور کیپٹن صفدر اپنے وکلاء عرفان قادر اور امجد پرویز کے ساتھ جبکہ نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل سردار مظفر اور عثمان غنی چیمہ عدالت میںپیش ہوئے،ایون فیلڈ ریفرنس میں نیب کے2 خصوصی پراسیکیوٹرز میں سے امتیاز صدیقی نے کیس سے معذرت کرلی جبکہ اظہر صدیق لاہور ہائی کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوئے، عرفان قادر ایڈووکیٹ نے کہاکہ عدالت نے نیب کے سامنے سوالات رکھے جن کا جواب نہ دے سکے،نیب نے نئے پراسیکیوٹر رکھے جنہوں نے تیاری کے لیے وقت مانگا،آج وہ دونوں پراسیکیوٹر بھی چلے گئے ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ دلائل تقریباً مکمل ہو چکے ہیں، مزید تاخیر نہ کی جائے۔امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہاکہ کیس آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کر لیں،جس پر عدالت نے کہاکہ اتنا جلدی نہ رکھیں، جون کے پہلے ہفتے سے شروع کریں گے اور دو تین ہفتوں میں مکمل کر لیں گے اور اس دوران دیگر مقدمات کی سماعت نہیں کریںگے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 2 جون تک کے لیے ملتوی کردی۔