سندھ کے صنعتی علاقوں میں گیس بحران شدید

172

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے سب سے بڑے سائٹ صنعتی ایریا میں گیس بحران شدیدہو گیا ہے اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے ستمبر، اکتوبرسے اب تک صنعتوں کو طلب کے مطابق گیس کی فراہمی بحال نہ ہونے سے پیداواری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔ سائٹ ایریاکے صنعتکاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر صنعتوں کو فوری طور پرضرورت کے مطابق مکمل پریشر کے ساتھ گیس سپلائی بحال نہ کی گئی تو صنعتکاروں کوخطیر پیداواری نقصانات کے ساتھ ساتھ برآمدی آرڈرز کی تکمیل بھی خطرے میں پڑ جائے گی ۔سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرشید نے وزیراعظم شہباز شریف اوروزیرمملکت برائے پیٹرولیم ڈویژن مصدق ملک سے گیس کی عدم فراہمی کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی کشمکش اور سنگین معاشی بحران کی وجہ سے پہلے ہی تجارتی وصنعتی سرگرمیاں متاثر ہیں اوراب صنعتوں کوگیس سے محروم کرنے سے تباہی آجائے گی جس کے ملکی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے پچھلے سال ستمبر ، اکتوبرسے اب تک کئی ماہ بعد بھی مکمل پریشر کے ساتھ صنعتوں کی گیس بحال نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ گیس پریشر صفر ہونے کی وجہ سے پیداواری سرگرمیاں رکاوٹ کا شکار ہیں اورسائٹ ایریا کی صنعتوں کوگیس نہ ملنے کے باعث متعددیونٹس بند پڑے ہیں جبکہ پیداواری سرگرمیاں مسلسل معطل رہنے سے برآمدی آرڈرز کی تکمیل بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ اس ضمن میں ایس ایس جی سی سے بار باررابطہ کیا گیا مگرتمام تر کوششوں کے باوجود بھی سوئی سدرن گیس نے نہ تو صنعتوں کی گیس بحال کی اور نہ ہی کوئی تسلی بخش جواب دیا گیا۔عبدالرشید نے وزیراعظم شہباز شریف اوروزیرمملکت برائے پیٹرولیم ڈویژن مصدق ملک سے اپیل کی کہ وہ کراچی کے سب سے بڑے سائٹ ایریا کی صنعتوں کو ضرورت کے مطابق گیس بحالی میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ معمول کے مطابق پیداواری سرگرمیاں جاری رکھی جاسکیں بصورت دیگرگیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے برآمدی آرڈرزمنسوخ ہونے کے خدشات ہیں اور اگر ایسا ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری ایس ایس جی سی پر عائد ہوگی۔