مائی کراچی نمائش آج سے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی

412

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے زیر اہتمام 17ویں ’’مائی کراچی‘‘ نمائش آج بروز جمعہ 13مئی2022سے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔ نمائش کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کریں گے۔ کے سی سی آئی کے صدر محمد ادریس نے نمائش کی چند نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ کہ کئی تفریحی سرگرمیوں کے علاوہ کراچی چیمبر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے ایکسپو سینٹر میں نمائش کے پہلے روز ایس ایم ایز فنانسنگ پر سیمینار کا انعقاد کرے گا اور سندھ کے وزیر صنعت و تجارت، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور کوآپریٹوز جام اکرام اللہ خان دھاریجو سیمینار کے مہمان خصوصی ہوں گے۔صدر کے سی سی آئی نے بتایا کہ ایکسپو سینٹر کے 3 ہالز اور بیرونی حصے میں 220 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں۔3روزہ نمائش جو 15 مئی 2022 کو اختتام پذیر ہوگی یہ نمائش بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو کنزیومر میٹنگز کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گی جبکہ کراچی والوں کو تفریحی کے شاندار مواقع میسر آئیں گے جو ہر سال اس شاندار نمائش میں بھرپور شرکت کرتے ہیں۔انہوں نے ’’مائی کراچی‘‘ نمائش کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ مرحوم سراج قاسم تیلی نے 2004 میں بطور صدر کے سی سی آئی یہ محسوس کیا کہ کراچی شہر کے بارے میں منفی تاثر کو زائل کرنے کی ضرورت ہے جو بنیادی طور پر میڈیا خصوصاً مغربی میڈیا کے منفی پروجیکشن کی وجہ سے سامنے آیا اس لیے ہم نے ’’مائی کراچی‘‘ کے عنوان سے ایک پروقار نمائش منعقد کرنے کا فیصلہ کیا اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نمائش میں ہر سال بہتری آتی چلی گئی جس کی وجہ کراچی چیمبر کے تمام سابق صدور کی محنت اور لگن ہے جنہوں نے گزشتہ نمائش کے مقابلے اس نمائش کو مزید بہتر بنانے کے لیے انتھک کوششیں کیں اور اس طرح یہ نمائش شہر کی سب سے بڑی تقریبات میں سے ایک بن گئی ہے۔محمد ادریس نے مزید کہا کہ 2020 اور 2021 کو چھوڑ کر جب کورونا وبائی بیماری کے پھیلنے کی وجہ سے نمائش منعقد نہیں کی جا سکی تھی کے سی سی آئی نے بغیر کسی تجارتی مقصد کراچی کے مثبت امیج اور میڈ ان پاکستان کی ٹیگ لائن کو فروغ دینے کے وژن کے ساتھ 2004 سے باقاعدگی سے اس شو کا انعقاد کیا۔