ملک کومعاشی بحران سے تاجر برادری ہی نکال سکتی ہے،شرجیل گوپلانی

292

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کے چیئرمین‘ کراچی ٹمبر مرچنٹ گروپ کے صدر‘ آل پاکستان ٹمبر ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد شرجیل گوپلانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈالر کے ریٹ بڑھنے سے اس کا دبائو پاکستانی معیشت پر بڑھتا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کو ہنگامی اقدامات کرنے پڑیں گے اور اوپن ٹریڈ پالیسی لانی پڑے گی‘ اس کے علاوہ ملک کی معیشت کو بچانے کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے لیے تاجر دوست پالیسیاں بنانی پڑیں گی اور تاجروں کو فری ہینڈ دینا ہوگا‘ اسی سے معاشی صورت حال بہتر ہوسکتی ہے۔ اب تک حکومت نے جو ودہولڈڈنگ ٹیکس لگایا اور دیگر ٹیکسوں کی بھرمار کی‘ اس کی وجہ سے کاروباری صورت حال تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ کراچی کے تاجروں نے حکومت کو بارہا مرتبہ بتایا کہ اس طرح کے اقدامات معیشت کے لیے اچھے نہیں ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ معیشت کی بحالی کے لیے چھوٹے تاجروں سے ملاقات کرے‘ کیونکہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے صنعت کاروں سے زیادہ چھوٹے تاجر مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔ اگر حکومت تاجر دوست پالیسی دے تو معیشت بہت بہتر ہوسکتی ہے۔اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ حکومت کو فری ہینڈ دینا پڑے گا۔ کیونکہ معیشت کو بہتر کرنے کے لیے یہ اصول اپنا ہوگا کہ زیادہ کاروبار اور کم ٹیکس‘ اس طرح صورت حال بہتر ہوسکتی ہے۔ اگر رولنگ بڑھے گی تو زیادہ کاروبار ہوگا‘ جس سے ٹیکس بھی وصول ہوگا۔