آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کے خالص منافع میں 79 فیصد اضافہ

269

اسلام آباد (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی) کے خالص منافع میں رواں سال کے پہلے 3ماہ کے دوران 79 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان ا سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجی گئی کمپنی کی مالیاتی رپورٹ کے مطابق جنوری تا مارچ 2022 کے دوران او جی ڈی سی کا خالص منافع 43.16 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں کمپنی کو 24.12 ارب روپے بعداز ٹیکس آمدن ہوئی تھی۔ اسی طرح سال 2021 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں سال کے اسی عرصہ کے دوران او جی ڈی سی کے خالص منافع میں 19.04 ارب روپے یعنی 79 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں کمپنی کی فی حصص آمدن بھی 5.61 روپے کے مقابلہ میں 10.04 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔ واضح رہے کہ کمپنی کی انتظامیہ نے اپنے حصہ داروں کیلئے 31 مارچ 2022 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کیلئے ایک روپیہ فی حصص کے وسط مدتی کیش ڈیوڈنڈ کی منظوری دی ہے جو جاری مالی سال میں قبل ازیں ادا شدہ 3.75 روپے فی حصص کے کیش ڈیوڈنڈ کے علاوہ ہے۔