نواز شر یف کی وطن واپسی سے سیاسی درجہ حرارت بڑھے گا‘خواجہ آصف

154

 

لندن(صباح نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات اولین ترجیح ہے، جلد فیصلے کرنا ہوں گے، چاہتے ہیں معاشی معاملات ٹھیک ہوں، اگلے مرحلے میں الیکشن کرائیں گے۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک سے وفاداری اور محبت اقتدار سے مشروط نہیں، وفاداری افراد سے نہیں ہوتی، افراد آج ہیں کل نہیں، دل کرتا ہے کل ہی نواز شریف کو وطن لے آئوں لیکن یہ فیصلہ پارٹی کرے گی، نواز شریف وطن آئیں گے تو سیاسی درجہ حرارت بڑھے گا، نواز شریف کی قیادت کی قوم اور جماعت دونوں کو ضرورت ہے۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کا امریکا مخالف بیانیہ کوئی بیانیہ نہیں، عمران خان کبھی امپورٹڈ حکومت کبھی غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹتے ہیں، عارف علوی، عمران خان، قاسم سوری، عمر سرفراز چیمہ نے آئین کی خلاف ورزی کی، اگر قانون ضروری سمجھتا ہے تو ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، سیاسی کارکن ہوں، مخالفین کو عوامی رائے کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں، گرفتاریوں پر یقین نہیں رکھتے۔