گاڑیوں کے مالکان کیلیے موقع پر ٹیکس کی ادائیگی کی سہولت فراہم

217

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے مالکان کی سہولت کے لیے موقع پر ٹیکس جمع کرانے کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ ایکسائز سندھ ٹیکس نادہند گان گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکس وصولی کی روڈ چیکنگ مہم 16 مئی سے 3 جون تک جاری رہے گی۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات نے صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر پہلی مرتبہ گاڑیوں کے مالکان کی سہولت کے لیے موقع پر ٹیکس ادائیگی کی سہولت فراہم کردی ہے۔ پہلے مرحلے میں یہ سہولت صرف کراچی میں فراہم کی جارہی ہے۔اگلے مرحلے میں اس کا دائرہ کار صوبے کے دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔ اب ٹیکس نادہند گان اپنے ٹیکسز روڈ چیکنگ مہم کے دوران ہی ادا کرسکیں گے۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے اپنے ایک بیان میں ٹیکس نادہند گان گاڑیوں کے مالکان سے درخواست کی ہے کہ روڈ چیکنگ مہم شروع ہونے سے قبل ہی اپنے ٹیکسز جمع کروا دیں تاکہ انہیں کسی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔