“شوکت ترین قوم کو بتائیں وہ پٹرول پر سبسڈی دینے کے خلاف تھے”

447

اسلام آباد:وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ شوکت ترین سچ بولیں، قوم کو بتائیں وہ پٹرول پر سبسڈی دینے کے خلاف تھے ،پی ٹی آئی وفاق کا مجموعی خسارہ 5600 ارب چھوڑ کر گئی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے اپنے سابق ہم منصب شوکت ترین کو چیلنج دیتے ہوئے کہاکہ جنہوں نے آئی ایم ایف سے جھوٹ بولے، وہ قوم سے سچ بھلا کیسے بول سکتے ہیں؟ شوکت ترین سچ بولیں تو بہتر ہے کیونکہ ریکارڈ سچ بول رہا ہے، کئی گواہ موجود ہیں شوکت ترین نہ شرمائیں۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ  قوم کوسچ بتائیں کہ عمران خان نے انہیں مجبور کیا تھا گواہ موجود ہیں کہ شوکت ترین پٹرول پر سبسڈی دینے کے فیصلے سے لاعلم تھے گواہ موجود ہیں کہ پٹرول پرسبسڈی دینے کا حکم عمران خان نے دیا تھا وزیراعظم ہاﺅس کا ایک افسرعمران خان کا یہ حکم لے کر شوکت ترین کے پاس آیا تھا اصل حقائق کیا ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ریکارڈ گواہی دے رہا ہے لہذا شوکت ترین بھی سچ بولیں بتائیں ، پٹرول سبسڈی کے لئے کون سا اور کہاں پیسہ چھوڑا تھا ؟حقائق شوکت ترین کی تردید کرتے ہیں کہ وہ پٹرول سستا کرنے کے بعد فنڈنگ چھوڑ کر گئے تھے شوکت ترین کوئی فنڈنگ چھوڑ کر گئے تھے نہ ایسا کوئی انتظام کیا تھا سبسڈی کے سیاسی اعلان پر اب جھوٹ کے پردے گرانا مزید افسوسناک ہے ۔