ایف بی آر ٹیکس وصولی کی بھرپور کوشش کرے‘مفتاح اسماعیل

180

اسلام آباد (آن لائن+اے پی پی ) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ایف بی آر ٹیکس وصولیوں کی حقیقی صلاحیت بروئے کار لانے کے لیے بھرپور کوششیں کرے، توقع ہے کہ ایف بی آر رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ نظر ثانی شدہ ہدف حاصل کرلے گا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے منگل کو ایف بی آر ہیڈکوارز کا دورہ کیا ۔ وزیر خزانہ کو ایف بی آر کی کارکردگی اور ریونیو اکٹھا کرنے سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی ۔ چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور دیگر سینئر افسران
نے وزیر خزانہ کو بریفنگ دی۔وزیر خزانہ نے چیئرمین ایف بی آر کو ٹیکس وصولی مہم میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ دریں اثنا منگل کو ورلڈ بینک کے نائب صدر جنوبی ایشیا ریجن (SAR)ہارٹ وِگ شیفر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ ملک کو اس وقت اشیا کی عالمی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مالیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔ موجودہ حکومت ان مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ آئندہ بجٹ کا مقصد مالیاتی استحکام لانا اور معیشت کی مجموعی لچک کو بہتر بنانا ہے۔ حکومت معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے مختلف امدادی اقدامات فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ ہارٹ وِگ شیفر نے معاشی چیلنجز پر قابو پانے میں حکومت پاکستان کے عزم کو سراہا۔