علماء کا مسجد نبوی واقعہ سے متعلق کمیشن بنانے کا مطالبہ

348
commission

 کراچی: جمعیت علمائے اسلام (س) نے حکومت سے مسجد نبوی واقعہ سے متعلق کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔

پیر کو کراچی پر کلب میں جمعیت علمائے اسلام (س)سندھ کے جنرل سیکرٹری حافظ احمد علی ، مفتی حماد مدنی اور اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما علامہ تاج حنفی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد نبوی میں ہونے والا واقعہ افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ معاملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہیے جس کے لیے ضروری ہے کہ حکومت ایک کمیشن تشکیل دے۔ یہ مسئلہ کسی جماعت یا گروہ کا نہیں بلکہ تمام مسلمانوں کا یکساں مسئلہ ہے اور اس پر سب کو مل کر آواز اٹھانی چاہیے۔ اس طرح کے معاملات سے اسلام اور ملک کی بدنامی ہوتی ہے۔

جے یو آئی  س کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم دیگر جماعتوں سے مشاورت میں ہیں ضرورت پڑی تو ہم آئندہ کا لائحہ عمل بھی پیش کیا جائے گا۔ قائدین کا کہنا تھا کہ کرہ ارض پر مسجد حرام اور مسجد نبوی سے زیادہ مقدس مقام کوئی نہیں، چند شر پسند عناصر نے مقدس ترین مقام مسجد نبوی اور روضہ رسول کے احاطے میں مکروہ عمل کیا جو کسی صورت قابل قبول نہیں اس مکروہ عمل کی ہم شدید الفاظ مذمت کرتے ہیں، اس حرکت سے مسلمانوں خصوصا پاکستانیوں کی شدید د ل آزاری ہوئی، واقعے میں ملوث تمام عناصر اور ان کو اس فعل پر اکسانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔