انتخابی اصلاحات کر کے نئے انتخابات کرانے چاہییں ، جاوید قصوری

294

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ گندم کے سرکاری کوٹہ کی بندش سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 210روپے تک مہنگا ہو گیا ہے۔ 11سو روپے والے تھیلے کی اب نئی قیمت 1310 روپے ہوچکی ہے،روٹی کا نوالہ بھی غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو گیا ہے ۔ رہی سہی کسر نیپرا کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرکے پوری کردی گئی ہے۔ بجلی کے فی یونٹ 2.86 پیسے فی یونٹ مہنگا کرنے سے صارفین پر 32رب روپے کا اضافہ بوجھ پڑے گا۔ گندم کے سرکاری کوٹے کو بحال اور بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رور مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی تحریک انصاف کے نقش قدم پر چلی رہی ہے۔ کیا فائدہ ایسی حکومت کا جو غریب عوام کو ریلیف فراہم نہ کرسکے؟ انہوں نے کہا کہ عوام ملک کے اندر نئے انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انتخابی اصلاحات کرکے جلد از جلد نئے الیکشن کروائے جائیں تاکہ عوام اپنے نمائندوں کو منتخب کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ملک کے اندر سودی نظام کا مکمل خاتمہ نہیں ہوتا اس وقت تک معاشی صورت حال میں بہتری ممکن نہیں۔ حکومت اس حوالے سے شریعت کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل در آمد کو یقینی بنائے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ انتشار کی سیاست کسی کے بھی مفاد میں نہیں۔ ملک و قوم کو درپیش مسائل کا حل افہام و تفہیم سے نکالنا ہوگا،بصورت دیگر جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔