مون سون کی معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان، شیری رحمان

306

لاہور: وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ مون سون کی معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث سیلاب کا خدشہ ہے، متعلقہ حکام تمام تر پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام اور متعلقہ مقامی حکام مون سون کی معمول سے زیادہ بارشوں کے ممکنہ تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام تر پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اس سال ملک کے بیشتر حصوں اور شمالی حصوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت اور بارشوں کا امکان ہے، سیلاب اور تیز بارشوں سے لوگوں کی زندگیوں اور معاش کے ساتھ ساتھ عوامی انفراسٹرکچر کو بھی شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ جنوبی ایشیائی موسمیاتی آﺅٹ لک فورم کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ چار ماہ کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے، بارشوں سے سیلاب کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے، رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ مون سون کے موسم کے دوران معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے نتیجے میں برف پگھلنے میں اضافہ ہو سکتا ہے، اس کے نتیجے میں علاقے میں سیلاب اور گلاف کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔