مسجد نبوی کا تقدس پامال کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ

302
violated the sanctity

لاہور: حافظ طاہر محمود اشرفی سمیت دیگر مذہبی رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ مسجد نبوی کے تقدس کی پامالی کرنے والے عناصر کے خلاف ہر سطح پر کاروائی ہونی چاہیے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ  مسجد نبویؐ کی بے حرمتی کرنے والوں نے پاکستان کا وقار کم کیا ہے، شیریں مزاری کا اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کو خط پاکستان کیلئے مشکلات کا سبب بنے گا ، اگر کسی جگہ پر توہین مذہب و توہین ناموس رسالت کا قانون غلط استعمال ہوا ہے تو پاکستان میں عدالتیں اور ادارے موجود ہیں ، تحریک انصاف کی قیادت کو اس سے رجوع کرنا چاہیے ، شیریں مزاری کے خط سے قانون توہین رسالت و توہین مذہب مخالف قوتوں کو تقویت ملے گی ، عمران خان شیریں مزاری کو خط واپس لینے کا حکم جاری کریں۔

 ان کا کہنا تھا کہ مسجد نبوی مسلم امہ کیلئے مقدس ترین مقام ہے ، روضہ رسول ؐکے احترام میں آواز بلند نہ کرنے کا حکم ہے، ایک منظم پلاننگ کے تحت جو کچھ مسجد نبوی ؐ میں کیا گیا وہ سو سالہ تاریخ میں نہیں ہوا ہے۔ قوم توقع رکھتی ہے کہ عمران خان اور تحریک انصاف کھل کر اس واقعہ کی مذمت کریں۔

رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کو انتقام اور نفرت کی آگ کی طرف نہیں لے کر جانا چاہیے ، یہ بات افسوسناک ہے کہ سیاسی اختلافات کی آڑ میں مقدسات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، پاک فوج کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے ، پاکستان میں توہین مذہب و ناموس رسالت ؐ کے قانون کا غلط استعمال نہیں ہونے دیں گے، وزیر اعظم کے اس حوالہ سے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔