مسجد نبوی کی بے حرمتی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

427
desecrated

لاہور: دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ عیدالفطر اہل ایمان کیلئے خوشیوں اورمسرتوں کادن ہے۔ مسجد نبوی میں پیش آنے والا دلخراش واقعہ قابل مذمت اورافسوسناک ہے۔ اس شرمناک واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف قرآن وسنت کی تعلیمات کی روشنی میں اورآئین کے تحت کارروائی کی جائے۔

علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کا کہنا تھا کہ قانون ناموس رسالت کا استعمال کسی بھی لحاظ سے سیاسی بنیادوں پر نہیں ہوناچاہیے۔ معاشرے کو تقسیم درتقسیم سے بچانا ہو گاورنہ ملک میں انتشار کاخدشہ موجود رہے گا۔ افسوس کی بات ہے کہ رواں سال میں عیدالفطر کے موقع پر قوم کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ چاند کی رویت کے حوالے سے قوم اسمبلی میں قانون سازی کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔ مذہبی قائدین اورسیاسی لیڈران کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ قو م کی صحیح سمت میں رہنمائی کریں۔ وطن عزیز کے محفوظ مستقبل کیلئے قوم کو سیاسی ومذہبی انتہاء پسندی سے بچایا جائے۔ تمام مذہبی وسیاسی جماعتیں مل کر ملک وقوم کو تمام بحرانوں سے نکالنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ ملک کوترقی خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے قرآن وسنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہوگا ۔