بھارت میں مساجد کو شہید کرنا  ریاستی دہشت گردی ہے، شجاع الدین شیخ

365

کوئٹہ:امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ بھارت میں سرکاری سرپرستی میں مساجد کو شہید کرنا بدترین ریاستی دہشت گردی ہے، دہلی انتظامیہ کا جہانگیر پوری مسجد کو شہید کرنے کا عمل دنیا بھر میں مذہبی آزادی کا نعرہ لگانے والوں کو منہ پر طمانچہ ہے۔

امیر تنظیم اسلامی کا کہنا تھا کہ راجستھان میں دہشت گرد ہندو مسلمانوں کے مکانات کو جلاتے رہے اور وہاں توڑ پھوڑ کرتے رہے پھر یہ کہ ایک مسجد میں گھس کر اس کی بے حرمتی بھی کی لیکن مقامی انتظامیہ انہیں روکنے کی بجائے الٹا مسلمانوں پر تشدد کرتی رہی یہ واقعات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ بھارت ایک ہندو ریاست بن چکی ہے۔

شجاع الدین شیخ نے کہا کہ انتہا پسند مودی حکومت کے زیر اہتمام بھارت کے طول وعرض میں مسلمانوں پر مظالم بڑھتے جارہے ہیں مودی سرکار اور اس کی سرپرست آر ایس ایس بھارتی مسلمانوں کی نسل کشی پر تلے ہوئے ہیں۔

 انہوں نے سوال کیا کہ عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کا نوٹس لینے کے باوجود دنیا بھارت کی ان اسلام دشمن حرکتوں پر کیوں خاموش ہے حقیقت یہ ہے کہ اگر عالمی برادری ،خصوصا ً مسلمان ممالک نے مل کر بھارت کی اپنے ہی مسلمان شہریوں کے خلاف اس انسانیت دشمن مہم کا خاتم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے تو بھارت میں ایک انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے جو عالمی سطح پر امن وامان کو تباہ کرسکتا ہے۔