مسجد حرام میں بچوں کے لیے رہ نما علامات کا منصوبہ شروع 

321

مکہ مکرمہ: حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مسجد حرام میں آنے والے بچوں کے لیے ایک رہ نما پروگرام شروع کیا ہے۔

اس کے تحت معتمرین یا زائرین کے ہمراہ موجود بچوں (غیر عرب)کو رہ نما علامات اور ہاتھ کا کنگن پیش کیا جاتا ہے تا کہ انہیں ہجوم میں گم ہونے سے روکا جا سکے۔عرب ٹی وی کے مطابق مسجد حرام میں سماجی اور رضا کارانہ خدمات کے نگران اعلی انجینئر امجد الحازمی کے مطابق حرمین شریفین کی انتظامیہ مسجد حرام آنے والوں کو بہترین اور اعلی خدمات پیش کرنے کی خواہاں ہے۔

اسی مقصد کے لیے نئے منصوبے اور مہمیں متعارف کرائی جاتی ہیں۔ننھے زائرین کے امور کی انتظامیہ کے ڈائریکٹر فہد الحتیرشی نے بتایا کہ مذکورہ انتظامیہ ننھے زائرین کو تمام خدمات پیش کرنے کے لیے کوشاں رہتی ہے۔ ان میں مسجد حرام کے اندر بچوں کو رہ نما علامتیں اور کلائی میں پہنے جانے والے کنگن شامل ہیں۔

اس کنگن پر بچوں کے ہمراہ موجود موبائل فون نمبر موجود ہوتا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ بچہ کھو نہ جائے اور اس تک آسانی سے پہنچا جا سکے۔بچوں کے ہمراہ مسجد حرام آنے والے افراد نے اس نئے منصوبے پر مملکت کی قیادت اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا۔