پاکستان اور سری لنکا کی خواتین ٹیموں کے مابین سیریزکا شیڈول جاری

326

لاہور:پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز چمپئن شپ میں اپنے سفر کا آغاز سری لنکا کے خلاف سیریز سے کرےگی، دونوں ٹیموں کے مابین تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز یکم جون سے شروع ہوگی،باقی دو میچز تین اور پانچ جون کو کھیلے جائیں گے۔ یہ تمام میچز کراچی کے ساو¿تھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے۔

سیریز میں شرکت کے لیے دونوں ٹیمیں 19 مئی کو کراچی پہنچیں گی۔ یہاں تین روزہ ٹریننگ سیشن کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز ہوجائے گا۔ سیریز کے تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے۔اس سیریز کےلئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا 11 روزہ تربیتی کیمپ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے اکیڈمی اوول میں منعقد ہوگا۔ کیمپ میں 26 خواتین کرکٹرز کو طلب کیا جائےگا۔آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا یہ تیسرا ایڈیشن ہے۔

پاکستان نے 16-2014 میں کھیلے گئےچیمپئن شپ کے ابتدائی ایڈیشن میں ساتویں جبکہ دوسرے ایڈیشن میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ایڈیشن 20-2017 میں پاکستان نے نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا سے بہتر پوزیشن حاصل کی تھی۔پاکستان میں کورونا کی وباءپر قابو پانے کے بعد یہ پہلی انٹرنیشنل سیریز ہوگی،

لہٰذاان میچز کے لیے منیجڈ انیورنمنٹ میں نرمی کی جائے گی۔ سیریز سے قبل تمام کھلاڑیوں، آفیشلز اور اسپورٹ اسٹاف کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی جائے گی۔ جس شخص کا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے گا اسے پانچ روز کے لئے آئسولیشن میں بھیج دیا جائے گا۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ

آئی سی سی ویمنز چمپئن شپ کے میچز اپنے ملک میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے، وہ سری لنکا کے استقبال کے لیے بہت پرجوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سیریز کے ذریعے وہ اپنے کرکٹ سیزن کے نئے سرے سے آغاز کی منتظر ہیں،یقین ہے قومی خواتین کرکٹ ٹیم سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرےگی۔

اس سیریز کے اختتام پر قومی خواتین کرکٹ ٹیم سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کے لیے آئرلینڈ پہنچے گی۔ جہاں تیسری ٹیم آسٹریلیا کی ہوگی۔ اس کے بعد اسکواڈ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کےلئے برمنگھم روانہ ہوجائےگا۔

شیڈول کے مطابق 19 مئی کوٹیمیں پہنچیں گی ۔21 تا 23 مئی تک ٹریننگ،24 مئی کو پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا جائیگا ،26 مئی کو دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا جائیگا ۔28 مئی کو تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ،یکم جون کو پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ،3 جون کو دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ اور 5 جون کو تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا جائیگا ۔