بلوچستان کو مسلسل نظر انداز کرنا ٹھیک نہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی

334

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ حکمران طبقہ بلوچستان کو قومی ترقی میں شامل کرنے کیلئے عملی اقدامات، میگاپراجیکٹس شروع کریں۔ بلوچستان کے وسائل کو استعمال جبکہ مسائل کونظراندازکرنے کا رویہ ٹھیک نہیں۔ جماعت اسلامی نے امریکی غلامی ،بدعنوانی کے خلاف اوربلوچستان کے حقوق کے حصول کیلئے ہر پلیٹ فارم پر بھر پورآوازبلند کیا ہے ۔

مولانا عبدالحق ہاشمی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ یہ اہل بلوچستان کیساتھ ظلم وزیادتی ہے کہ بلوچستان میں موٹروے ،میٹروبس،گرین بس سمیت سفر،تعلیم وصحت کی جدید سہولیات واعلیٰ پراجیکٹس کو شجر ممنوعہ قراردیا گیا ہے۔ سابقہ حکومتوں کی طرح گزشتہ چارسالہ حکومت میں بھی عوام کو بدترین مہنگائی، بے عمل وعدے، مایوسی، مسائل، بے روزگاری، بھاری سودی قرضے ہی ملے ہیں جس کی وجہ سے عوام پریشان مایوس اورمسائل کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی نااہلی ناکامی کی وجہ سے بلوچستان کی زراعت ومعیشت وتجارت تباہ ہو گئی ہیں۔ حکمرانوں کو بلوچستان کے عوام کیساتھ ناانصافی ظلم وجبر بند کرنا ہوگا حکمران بیوروکریسی اپنی دنیا وآخرت تباہ نہ کریں بلکہ عوام کی دیانت داری سے خدمت کرتے ہوئے امانت ودیانت کی مثالیں قائم کریں ۔رشوت ،اقرباءپروری ،بدعنوانی کی وجہ سے عوام کا حق چھینا جارہاہے ہر طرف لوٹ مار بدعنوانی وبدامنی کا دوردورہ ہے۔