بنی گالا میں ہر فرد غدار ہے، عمران خان کے خلاف ووٹ دوں گا، عامر لیاقت حسین

211

کراچی: قومی اسمبلی کے رکن اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف ووٹ دیں گے۔عامر لیاقت حسین نے گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے کہا آپ سب کو معلوم ہے کہ اس وقت ملک میں ایک خطرناک قسم کا آئینی بحران ہے۔ مجھے امید ہے کہ آج سماعت کے دوران جناب چیف جسٹس عمر عطا بندیال صاحب لارجر بینچ کی روشنی میں اسملبلیاں بحال کردیں گے۔

عامر لیاقت نے کہا میں بہت دکھ اور تکلیف کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ میں نے خان صاحب کا ساتھ پاکستان کے لیے، وطن کی عزت و حرمت کے لیے دیا تھا۔ میں نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو ہٹانے کے لیے، فوج میں بغاوت کرانے کے لیے انہیں مینڈینٹ نہیں دیا تھا۔عامر لیاقت نے اپنے پیغام میں دو، تین آڈیوز اور ویڈیوز کا بھی ذکر کرتے ہوئے ان ویڈیوز کو شرمناک، دردناک اور افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا عمران خان صاحب نے طاقت کے نشے میں اندھا ہوکر آئین کو پامال کیا۔ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد وزیراعظم کسی بھی صورت قومی اسمبلی نہیں رک سکتا۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا میں 3 اپریل کو ووٹ دینے آیا تھا، دل کی تھوڑی تکلیف تھی، دیر سے پہنچنے کی وجہ سے باہر کھڑا رہ گیا تھا مجھے کسی نے اندر آنے نہیں دیا تھا لہذا میں آج یا کل یا جب بھی اسمبلی میں اجلاس ہوگا آرہا ہوں۔ خان صاحب میں منحرف نہیں تھا نہ منحرف ہوں۔ آپ کے لوگوں نے مجھے لوٹا کہا آپ کے لوگوں کی ٹونٹیاں مروڑ دوں گا میں، اگر کسی نے مجھے لوٹا کہا۔

عامر لیاقت نے کہا کیا دے دیں گے آپ مجھے اور کیا دے دیں گے لوگ۔ مجھے آپ خرید رہے ہیں، میں بک سکتا ہوں؟ میری قیمت ہے کوئی؟ ہاتھ پکڑ کر لائے تھے آپ مجھ کو تحریک انصاف میں۔ آپ نے مجھ سے خود کہا تھا میں قمر جاوید باجوہ کو ہٹانے والا ہوں اور کیا کیا بتاں میں آپ کو۔ میں آپ سے صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ آپ اب بھی سمجھ جائیے، لوگ آپ سے محبت کرتے ہیں آپ اعلان جنگ مت کیجئے، ریاست سے کوئی جیت نہیں سکا ہے۔

عامر لیاقت نے کہا میں ووٹ دینے آرہا ہوں قومی اسمبلی میں اور کھل کر کہتا ہوں میں نے کسی سے پیسے نہیں لیے، کسی سے میں نے ساز باز نہیں کی ہے، میں آپ کے خلاف ووٹ دوں گا۔ عامر لیاقت نے ویڈیو پیغام میں مزید کہا اگر آج آصف علی زرداری صاحب نہیں ہوتے تو پاکستان کھپے کا نعرہ نہیں ہوتا۔ پاکستان تو گیا تھا اس آدمی نے بچالیا پھر پاکستان کو جس کا نام آصف علی زرداری ہے۔

جس کی سیاست سے لاکھ اختلاف کیے جائیں۔ آپ کہتے ہیں آصف علی زرداری سب سے بڑی بیماری، میں کہتا ہوں آصف علی زرداری سب سے بڑی بیداری۔ اس آدمی نے بچالیا سب کو۔197 اراکین اسمبلی غدار ہیں آپ کی وجہ سے۔ ہم غدار ہیں تو آپ بھی غدار ہیں۔ آپ کے بنی گالہ میں بیٹھا ہوا ہر فرد غدار ہے۔