کرونا لاک ڈائون کے دو سال بعد عرب ممالک میں رمضان کی رونقیں بحال

346

ریاض: کرونا لاک ڈائون کے دو سال بعد عرب ممالک میں رمضان کی رونقیں بحال ہوگئیں،میڈیارپورٹس کے مطابق کرونا کے اقدامات نے سال 2020 اور 2021 میں رمضان المبارک کی روحانیت کو اجتماعی سطح پر بری طرح متاثر کیا۔ لوگ گھروں میں بند ہو کر رہ گئے۔

گھروں میں اجتماعی افطاریوں اور پبلک مقامات پر افطار کے تمام پروگرامات ختم کردیے گئے۔ یہاں تک کہ مساجد میں اجتماعی نماز تراویح کے بجائے اسے گھروں میں انفرادی نماز تک محدود کیا گیا۔ مساجد میں رمضان کے دوران اعتکاف کی بھی اجازت نہیں تھی۔تاہم اس سال رمضان کا مہینہ، جو کہ فلکیاتی طور پر 2 اپریل کو متوقع ہے، ایک نئے روپ کے ساتھ لوٹ رہا ہے۔

امید ہے کہ اعتکاف، تہجد، تراویح، مساجد میں رمضان کے اسباق، افطار پارٹیاں اور اس موقع سے وابستہ ورثہ اور فنی سرگرمیاں پوری قوت کے ساتھ لوٹ آئیں گی۔حالیہ مہینوں میں زیادہ تر عرب ممالک میں کرونا وائرس سے انفیکشن اور اموات کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے جس کی وجہ سے ان میں احتیاطی تدابیر میں نرمی کی گئی ہے۔