کراچی، پاک بحریہ کی اہم میری ٹائم مشق سی اسپارک 2022 کا اختتامی اجلاس

611

 کراچی: پاک بحریہ کی اہم میری ٹائم مشق سی اسپارک 2022 کا اختتامی اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یہ مشق شمالی بحیرہ عرب میں بدلتے ہوئے جیو اسٹریٹجک ماحول کے تناظر میں بنائے گئے آپریشنل منصوبوں کی توثیق کے لیے منعقد کی گئی تھی۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) نے مشق کا جائزہ پیش کیا۔ بعد ازاں، مشق کے دوران منعقد کی گئی سرگرمیوں پربحث کی گئی اور ان سے نتائج اخذ کئے گئے۔ آخر میں جنگی منصوبوں اور حکمت عملی کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے اپنے اختتامی کلمات میں خطے میں سیاسی عدم استحکام اور مفادات کے حصول کے لئے بڑھتے ہوئے تنازعات کے خطے کے ماحول پر اثرات پر روشنی ڈالی۔ امیر البحر نے پیچیدہ گرے ہائبرڈ منظرناموں کے تحت جنگ کے ابھرتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا جو دشمن کے ارادوں کو سمجھنے اور ردعمل کا تعین کرنے میں اہمیت کاحامل ہے۔ 

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ہندوتوا نظریات پر عمل پیرا پاکستان کے روائتی حریف کا بھی ذکر کیا جو خطے میں اسٹریٹجک استحکام کو متاثر کر رہا ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ پاک بحریہ اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، اختراعی حکمت عملی، استقامت اور سب سے بڑھ کر اللہ سبحانہ و تعالیٰ پر یقین کے ذریعے دشمن کی عددی برتری کو مات دینے کے لیے چوکس ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ہر قیمت پر سمندری دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ 

مشق سی اسپارک 2022 کے انعقاد کا مقصد پاک بحریہ کی جنگی حکمت عملی اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا اور تنازعات کے پیش نظر بحری آپریشنز کو زمینی اور فضائی آپریشنز کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے قومی سلامتی کی پالیسی اور عسکری حکمت عملیوں کے مطابق جنگی منصوبوں کی توثیق کرنا تھا۔ 

اس مشق نے مختلف آپریشنل تصورات کی توثیق کرنے اور تصوراتی سوچ کو آپریشنز اور اسٹریٹجک ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کا بھی قیمتی موقع فراہم کیا۔ مشق کے  اختتامی سیشن میں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران اور مختلف وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔