ملک میں انتخابات جلدی بھی ہو سکتے ہیں،وزیر داخلہ

561

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ ملک میں انتخابات جلدی بھی ہو سکتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے،مجھے اتحادیوں سے پوری امید ہے کہ وہ دو تین دن میں فیصلہ کر لیں گے کیونکہ اتحادی ہمیشہ دیر سے فیصلہ کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ  اپوزیشن کے پاس ہمارے کچھ بندے ہیں تو ہمارے پاس بھی ان کے کچھ بندے ہیں، اپوزیشن والے 25 یا 26 تاریخ کو نکلیں گے اور میں اسلام آباد انتظامیہ سے کہا ہے کہ ان سے رابطہ کریں، ہم نے دو ہزار رینجرز، ایک ہزار ایف سی اور 9ہزار پولیس سمیت 12ہزار سکیورٹی پر مقرر کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو ایک ہزار ایف سی یا ایک ہزار رینجرز اور بلا لیں گے، یہ کام ہم نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر کیا ہے کہ دونوں جماعتوں کو جلسے کی اجازت دے دی ہے، مسلم لیگ(ن)کی اب تک کوئی درخواست نہیں آئی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  کل کوئی شرارت یا کوئی مسئلہ ہو جائے تو وزارت داخلہ اس کی ذمہ دار نہیں ہو گی، تمام حالات خیریت سے گزریں گے اور پاکستان کی تاریخ کا عظیم ترین جلسہ عمران خان 27تاریخ کو شام چار بجے پریڈ گراﺅنڈ میں کریں گے، قوم میں اتنا جذبہ پہلے کبھی نہیں دیکھا، یہ خودداری کی لڑائی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اب ان لوگوں کو فوج کا خیال آ گیا جو بہت اچھی بات ہے کیونکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان فوج عظیم فوج ہے اور پاکستان کی عدلیہ بہت دوراندیش ہے، آج ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ جو شخص پاک فوج اور عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر آئے اس کے خلاف فی الفور قانونی چارہ جوئی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا ہے کہ ملک دشمن انڈین ایجنٹ اور انڈین اور غیرملکی ایجنڈے پر کام کرنے والے اس ملک میں عظیم افواج کے خلاف سوشل میڈیا کو استعمال کر سکیں، یہ میرے دور میں نہیں ہو سکتا اور اس کو سختی سے کچل دوں گا۔