تین دن میں عمران خان جلسے میں استعفیٰ دینے کا اعلان کرسکتے ہیں، منظور وسان

164

کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اور مشیر زراعت منظور حسین وسان نے پیش گوئی کی ہے کہ عمران خان غصے میں آکر اسلام آباد جلسے میں کنٹینر پر استعفیٰ دینے کا اعلان کرسکتے ہیں، ملکی سیاست کے لئے دو تین دن بہت ہی اہم اور مشکل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دور ختم ہوچکا ہے، قومی اسمبلی میں عمران خان کی اکثریت نہیں رہی۔ اب ہر جگہ سے اپوزیشن کے حق میں فیصلے آرہے ہیں، عمران خان کے ساتھ دھوکہ ہو رہا ہے، اپنے ہی لوگ اس سے دھوکہ کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جو لوگ ہمیں چھوڑ کر عمران خان کے پاس چلے گئے تھے، اب وہی پی پی پی میں واپس آرہے ہیں۔

عمران خان کی پہلی حکومت تھی جسے اسٹیبلشمینٹ نے کھلی چھوٹ دی تھی۔ مگرعمران خان کو حکومت چلانا نہیں آئی، ایسا ناکام وزیراعظم کبھی نہیں دیکھا۔منظور وسان نے کہا کہ جاتے جاتے عمران خان سندھ میں گورنر راج لگانے کی کوشش کریں گے، مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوگا۔

گورنر سندھ کے گورنر راج کے بیان پر انہوں نے جواب دیا کہ کسی مائی کے لال میں ہمت نہیں ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگائے۔ عمران خان کے دور میں صوبوں میں احساس محرومی بڑھی، عمران خان نے اسٹیبلشمینٹ سے بھی ٹکراؤ کیا۔انہوںنے کہا کہ ہمیشہ دیکھا ہے کہ سیاستدان اور وزراعظم کو اقتدار کے آخری سال میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ قریبی ساتھی 24 اور 25 مارچ کے بعد عمران خان کے پاس کم آنا شروع ہونگے، اس کا فون بھی نہیں اٹھائیں گے۔