مختلف حادثات میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق، تین زخمی

598

فیصل آباد: شہر اور گردونواح میں مختلف حادثات کے دوران ایک خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے آن لائن کے مطابق نڑوالا روڈ پر جواد کلب کے قریب سیوریج پائپ سے ٹکرا کر گرنے والے موٹرسائیکل سوار جوڑے کو ٹریکٹر ٹرالی نے کچل دیا، خاتون جاں بحق‘شوہر بری طرح زخمی‘ غلام محمد آباد سی بلاک کا رہائشی 60 سالہ بابر محمود ولد امداد اپنی اہلیہ 45 سالہ عظمیٰ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ نڑوالا روڈ پر واقع جواد کلب کے قریب پہنچا تو ٹریکٹر ٹرالی کو کراس کرتے ہوئے سامنے سے آنے والی ٹرالی کی تیز لائٹ کے باعث سڑک کنارے پڑے سیوریج کے پائپ سے ٹکرا کر گر پڑے تو عقب سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی نے کچل دیا، حادثے کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو عظمیٰ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکی تھی ‘ زخمی بابر کوطبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچایادیا گیا۔ شاہکوٹ کا رہائشی مشتاق احمد ولد ماجد علی اپنے گھر کی سیڑھیوں سے گر کر شدید زخمی ہو گیا تھا جسے طبی امداد کے لیے الائیڈ ہسپتال لے جایا گیا جہاں زندگی وموت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد چل بسا، ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے سپرد کر دی گئی۔ستیانہ روڈ پر ڈیفنس سٹی کا رہائشی 75 سالہ الیکٹریسن صادق ولد اسماعیل گھر میں بجلی کا بورڈ درست کر رہا تھا کہ ہاتھ بجلی کی ننگی تاروں کو چھونے سے زور دار جھٹکا لگا اور وہ گر کر بے ہوش ہو گیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو صادق زندگی کی بازی ہار چکا تھا، تاہم ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ علاوہ ازیں ملت روڈ پر حق باہو چوک کی رہائشی 30سالہ ثوبیہ زوجہ رشید گھر کی چھت پر کپڑے پھیلا رہی تھی کہ ہاتھ مین تاروں سے ٹکرانے سے کرنٹ لگنے سے بے ہوش ہو گئی اور مدینہ ٹائون میں مہر چوک کی رہائشی 22 سالہ رمشا زوجہ احمد گھر میں فریج کی صفائی کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے حالت غیر ہو گئی، ریسکیو1122 ٹیموں نے مذکورہ خواتین کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال داخل کروا دیا۔