قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، صدر مملکت

278

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے، تمام ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔ ہمسایہ ملک نے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اپنی قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، کسی بھی مسلط کردہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

اسلام آباد کی شکرپڑیاں گراونڈ میں منعقدہ یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ آج کادن تاریخی لحاظ سے منفرد ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اسلامی امہ کے اس عالمی ادارے کا بانی رکن ہے، ہماری خواہش ہے کہ او آئی سی کو مستحکم ادارہ بنایا جائے۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ دشمن سن لے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب ملے گا، تمام ممالک کےساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ قرار داد میں اعادہ کیا گیا کہ اسلامو فوبیا، ناموس رسالتﷺ اور مذہب کی توہین اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تحریر و تقریر دنیا کے سامنے بہت بڑا چیلنج ہے، اب ہر سال 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے مقابلے کا دن منایا جائے گا، دنیا اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اسلامو فوبیا کی کیفیت کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے آزادی کے تحفظ کے لیے بےپناہ قربانیاں دی ہیں، ہم ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہیں اور تمام ممالک کے ساتھ امن چاہتے ہیں، اندرونی اور بیرونی سازشوں پر کامیابیاں حاصل کیں اور حاصل کرتے رہیں گے۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ دنیائے اسلام کو بڑی آزمائشوں کا سامنا ہے، فلسطین اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں عوام پر جبر و تشدد کیا جاتا ہے، دنیا میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر نے مسلمانوں کو خطرات سے دوچار کیا ہے، ہمارے لاکھوں افغان بھائی بھوک اور بیماری سے گزر رہے ہیں اور غیر یقینی کیفیت میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا کو عالمی سطح پر روکنے کے لیے اقوام متحدہ میں اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) اور پاکستان نے بھرپور کاوشیں کی ہیں، اقوام متحدہ نے او آئی سی کی جانب سے پاکستان کی پیش کردہ قرار داد کی منظوری دی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہمارے سب ادارے جمہوریت کے استحکام اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔