روس کا یوکرین میں ہائپرسانک میزائل استعمال کرنے کا انکشاف

1048
روس کا یوکرین میں ہائپرسانک میزائل استعمال کرنے کا انکشاف

ماسکو :روس نے یوکرین میں پہلی بار اپنے جدید ترین کنزال ہائپرسانک میزائلوں کا استعمال کیا ہے اوران سے حملے میں یوکرین کے مغرب میں ہتھیاروں کے ذخیرے کی ایک جگہ کو تباہ کر دیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق روسی وزارت دفاع نے ایک بیان میں ان میزائلوں کوچلانے کی اطلاع دی ۔بیان کے مطابق مغرب نواز یوکرین کے ساتھ تنازع کے دوران پہلی مرتبہ کنزال ہائپر سانک ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا ۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق ہائپرسانک ایرو بیلسٹک میزائلوں کے ساتھ کنزال ایوی ایشن میزائل سسٹم نے ایفانو فرینکیفسک کے علاقے میں واقع گائوں ڈیلیاٹین میں ایک بڑا زیرزمین گودام (ڈپو)کوتباہ کردیا ۔وہاں میزائلوں اور ہوابازی کے گولہ بارود کو ذخیرہ کیا گیا تھا۔

روسی صدر ولادی میرپوتین نے کنزال (خنجر)میزائل کو ایک مثالی ہتھیارقراردیا جو آواز کی رفتار سے 10 گنا زیادہ رفتارسے اڑتا ہے اورمخالف فضائی دفاعی نظاموں پرقابو پا سکتا ہے۔

کنزال میزائل روس کے ان نئے ہتھیاروں میں سے ایک تھا جن کی نقاب کشائی صدرپوتین نے 2018 میں قوم سے خطاب کے دوران میں کی تھی۔خوب صورت کارپیتھیائی پہاڑوں کے دامن میں آباد گاں ڈیلیاٹین یوکرین کے شہر ایفانوفرینکیفسک کے نواح میں واقع ہے۔

اسی ایفانو فرینکیفسک کے نام سے ریجن کی نیٹو کے رکن رومانیہ کے ساتھ 50 کلومیٹر (30 میل)طویل سرحد واقع ہے۔