مہنگائی کی وجہ سے عوام کی زندگیاں اجیرن ہوگئیں ہیں، ایازمیمن

593
چیئر مین کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ اگر عمران خان  کے استعفیٰ سے حالات بہتر ہوسکتے ہیں

کراچی: چیئر مین کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ اگر عمران خان  کے استعفیٰ سے حالات بہتر ہوسکتے ہیں تو وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ مستعفی ہوجائیں کونسا ان کی حکومت نے ملک میں دودھ کی نہریں بہا رکھی ہیں۔

میری نظرمیں عمران خان کو پانچ سال پورے ملنے چاہیے تھے لیکن اب حالات کا تقاضا کچھ اور بن چکا ہے اگر عمران خان نے استعفیٰ نہ دیا تو ملک تصادم کی جانب بڑھ سکتا ہے جس کے نتائج ملک وقوم کے لیئے سنگین ثابت ہوسکتے ہیں،

ان خیالات کااظہارانہوںنے اپنی رہائشگاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے رکن قومی و صوبائی اسمبلی اب قیادت سے منحرف ہوچکے ہیں جس کی بنیادی وجہ ناقص پالیسیاں، مہنگائی اور بڑہتی ہوئی بیروزگار ی ہے،

عمران خان استعفیٰ دیکروزارت عظمیٰ کے منصب پر کسی اور کو بیٹھنے دیں جو ملک وقوم کی ترقی کے لیئے جامع اقدامات کر سکے عوام نے پی ٹی آئی کے ساتھ جو امیدیں لگائیں تھی بدقسمتی سے وہ پوری نہیں ہوسکیں،

عمران خان اگر پہلے روز سے جامع حکمت عملی اپناتے اور ملکی امور کو مکمل توجہ کے ساتھ ادا کرنے کی جانب توجہ مبذول رکھتے تو آج حالات ایسے نہ ہوتے ، سیاستدان کا تحمل مزاج اور دور اندیش ہونا بہت ضروری ہے

عمران خان نے حکومت چلانے کی بجائے سیاسی مخالفین کے خلاف محاذ کھولے رکھا جس کیوجہ سے حکومتی امور دن بدن خراب ہوتے چلے گئے اور آج حالات سب کے سامنے ہیں،

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگار ی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ ملکی تاریخ میں اس کی مثال نہیںملتی اپوزیشن جماعتوںکے ساتھ ساتھ اب عوام بھی یہی چاہتی ہے کہ عمران خان استعفیٰ دے دیں ،

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معاشی صورتحال بہترہونے کی بجائے خراب ہوتی جارہی ہے بیروزگاری بڑھ رہی ہے ترقیاتی کام ہوتے ہوئے نظرنہیں آرہے عمران خان کا کرپشن اور لوٹ مار کا پیسہ واپس ملک میں لانے کا نعرہ بھی نعرہ ہی رہا جبکہ عملی طورپر کچھ نہیں آیا الٹا قرضے کے پہاڑ ضرورکھڑے ہوگئے ہیں۔

ملک وقوم کے سروں کے اوپر، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ تصادم کی مصلحت اور حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے دانشمندانہ فیصلہ کریں اور استعفیٰ دے دیں۔