جنرل اسپتال میں ڈینگی کلینیکل مینجمنٹ ورکشاپ 

341

لاہور: محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئےر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی ہدایت پر لاہور جنرل ہسپتال میڈیکل یونٹ 3کے زیر اہتمام ڈاکٹرز اور نرسز کےلئے ڈینگی کلینیکل مینجمنٹ کی تربیت ورکشاپ کا انعقاد کیا گیاجس میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کو ارٹر ہسپتال قصور، لاہور کے نجی ہسپتال کے ڈاکٹرز ،نرسز کے علاوہ ایل جی ایچ میںنئے تعینات ہونے والے ہاوس آفیسرز اورپی جی آرز نے شرکت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر طاہر صدیق اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد مقصود نے تربیت میں حصہ لینے والوں کو ڈینگی بخار کی علامات ، تشخیص اور مریضوں کے علاج /کلینیکل مینجمنٹ بارے اپنے وسیع تجربہ کی روشنی میں آگاہی فراہم کی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی بخار کو بگڑنے سے بچانے کے لئے مستند معالج کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں کیونکہ ڈینگی کے مریض کو بہت سی پیچیدگیاں لاحق ہونے کا خطرہ ہوتا ہے اور مذکورہ مریضوںمیں فلوڈ مینجمنٹ کی بہت زیادہ ضرورت درپیش ہوتی ہے تاکہ مریض ڈینگی شاک سنڈروم کا شکار نہ ہو اور اس کے پھیپھڑوں میں پانی نہ جائے لہذا ضروری ہے کہ ابتدا میں ہی تمام باتوں کا خیال رکھتے ہوئے تشخیص و علاج کے تمام مراحل میں کلینیکل مینجمنٹ کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے تربیت مکمل کرنے والے ڈاکٹرز اور نرسز میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ جن ڈاکٹرز ونرسز نے ڈینگی کلینیکل مینجمنٹ مکمل کر کے سرٹیفکیٹ حاصل کیا ہے وہ اس بات کی سند ہے کہ انہیں ڈینگی کے مریض کے علاج و دیکھ بھال بارے مہارت حاصل ہو چکی ہے جو مریضوں میں ان کے اعتماد کا باعث بنے گی اور ڈینگی کے مریض اُن سے اطمینان کے ساتھ علاج کروا سکیں گے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ڈینگی اب پاکستان میں دیگر امراض کی طرح عام بیماری بن چکی ہے جو ہر سال کم یا زیادہ شدت کے ساتھ صوبے اور ملک کے مختلف علاقوں کے گرم مرطوب موسم میں مچھروں کی افزائش بڑھنے کی وجہ سے ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مرض کی روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ ڈینگی مچھر کی افزائش پر قابو پایا جائے جس کے لئے عوام کی بڑے پیمانے پر شرکت نا گزیر ہے کیونکہ شہریوں کے گھروں کے اندر ڈینگی ہاٹ سپاٹس کا خاتمہ اُس گھر کے رہائشیوں کی بھی ذمہ داری ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اگرچہ گزشتہ دس سال سے ڈینگی بارے محکمہ صحت و دیگر ادارے ذرائع ابلاغ کے ذریعے آگاہی مہم چلاتے ہیں تاہم عوام کو اس ضمن میں فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ جمع شدہ پانی کو ضائع کر دیں تاکہ ڈینگی کا مچھر پیدا نہ ہو۔سربراہ جنرل ہسپتال نے طب سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ اور حفظان صحت کے اصولوں سے متعلق پیغام عام کریں تاکہ لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے اس بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پی جی ایم آئی کے ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت ڈاکٹروں کے نالج کو اپ ڈیٹ کرنے کے لئے سیمینار و تربیتی ورکشاپ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، ڈاکٹر کاشف عزیز، ڈاکٹر رانا اظہر، ڈاکٹر عمر اعجاز، ڈاکٹر سلمان شکیل ، ڈاکٹر عبدالعزیزاور ڈاکٹر سید جعفر حسین بھی موجود تھے