میراتھن کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، 2023 کی میراتھن تاریخی ایونٹ ثابت ہوگی۔ کمشنر کراچی

270

کراچی :کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا ہے کہ شہر کراچی کو اسپورٹس سٹی بنایا جائیگا، آئندہ سال کی میراتھن کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے،

میراتھن 2023 شہر کراچی کا تاریخی ایونٹ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدانوں پر قابضین رضاکارانہ طور پر قبضہ ختم کردیں،ورنہ انتظامیہ سخت کارروائی کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نےکہاکہ تیسری سٹی میراتھن کامیابی سے ہمکنار ہوئی جس میں 15ہزار سے زائد ایتھلیٹس اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے شرکت کی،

جس پر اہلیان کراچی کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میراتھن کے انعقاد میں ہر قسم کا تعاون اور سرپرستی کی۔انہوں نے کہاکہ شہر کراچی کو اسپورٹس سٹی بنا نے کے لئے تیزی کے ساتھ اقدامات کررہے ہیں کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا جارہا ہے

قومی اور بین الاقوامی اسپورٹس ایونٹ کا کامیاب انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ شہر کراچی کھیلوں کے لئے دنیا کا محفوظ اور پر امن شہر ہے۔ تقریب سے خالد جمیل شمسی، غلام محمد خان،ایڈووکیٹ غلام عباس جمال ،مخدوم ریاض حسین ودیگرنے اپنے خطاب میں کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی جانب سے شہر میں کھیل اور کھلاڑیوں کی سرپرستی پر ان کوشاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر شاہدہ پروین کیانی، بیرسٹر سعید عباسی، اصغر عظیم، گلفراز احمدخان بھی موجود تھے