05اگست2019 کے بعد تقسیم کشمیر کی خوفناک سازش ہو رہی ہے، چوہدری محمد یٰسین

251

مظفرآباد: صدرِ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر و ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حقیقی معنوں میں نازک دور سے گزر رہا ہے۔مسئلہ کشمیر کیلئے سازشیں ہر دور میں ہوتی رہی ہیں۔

چناب فارمولہ سے لیکر مشرف فارمولہ تک تقسیم کشمیر کے ہر دور میں متعدد فارمولے آئے لیکن کشمیریوں کی استقامت کی وجہ سے تقسیم کشمیر کی سازشیں کامیاب نہ ہو سکیں اور آج بھی مسئلہ کشمیر شہداءاور ڈائس پورہ کی وجہ سے زندہ ہے۔اس وقت مسئلہ کشمیر کو ختم کرنے کی سازشیں عروج پر ہیں ۔ 05اگست کے بعد تقسیم کشمیر کی خوفناک سازش ہو رہی ہے اس لیے آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں کشمیری قیادت بھرپور انداز میں تحریک کیلئے اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد میں منعقدہ کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ بھارت کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنا چاہتاہے ۔ کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کیلئے 42لاکھ انتہاءپسند انتہاءپسند ہندوﺅں اور آر ایس ایس کے غنڈوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کر رہا ہے۔بھارت کے سرمایہ داروں کو مقبوضہ کشمیر میں سرمایہ کاری کروا کر غاصبانہ قبضہ مضبوط کرنا چاہتا ہے۔روزانہ کی بنیاد پر چار پانچ کشمیریوں نوجوانوں کو جعلی سرچ آپریشن اور مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے ۔عملاً کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے۔ حریت قیادت بھارت کی مختلف جیلوں میں قید ہے جہاں ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں ۔80لاکھ کشمیری دنیا کی سب سے بڑی جیل میں قید ہیں۔اقوام عالم بھارتی مظالم پر خاموش ہے۔پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوت ہیں اور خطہ بارود کے دہانے پر ہے۔مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہے