اتر پردیش کے کالج میں حجاب پہننے والی مسلمان طالبات کے داخلے پر پابندی

283
اتر پردیش کے کالج میں حجاب پہننے والی مسلمان طالبات کے داخلے پر پابندی

علی گڑھ: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر علی گڑھ میں ایک ممتاز کالج شری ورشنی کالج نے حجاب پہننے والی مسلمان طالبات کے کالج میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اترپردیش کے شہر علی گڑھ میں واقع شری ورشنی کالج نے طالبات کو ہدایت کی ہے کہ وہ کالج میں اپنے سر اور چہرے کو نہ ڈھانپیں۔کئی طالبات کالج میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ گئیں۔

طالبات کا کہنا تھا کہ عملے نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔حجاب پہننے والی ایک طالبہ نے کہاکہ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ انہیں ہمارے حجاب سے کیوں مسئلہ ہے؟میں حجاب کے بغیر کہیں جانے کے لیے تیار نہیں ہوں اور کالج اب ہمیں کیمپس میں بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہاہے۔بی ایس سی کے آخری سال کی ایک طالبہ نے بتایا کہ کالج حکام نے پہلے مجھے وہ برقعہ اتارنے کو کہا جومیں نے کیمپس میں داخل ہوتے وقت پہنا تھا اور اب وہ حجاب بھی نہیں پہننے دیتے۔