اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا مقابلہ کریں گے، عثمان بزدار

240

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا مقابلہ کریں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سے مسلم لیگ (ن)کے رکن صوبائی اسمبلی اظہر عباس چانڈیا اور مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ اشرف خان رند، سردار منصور احمد خان، میاں علمدار عباس قریشی، نیاز حسین خان اور عون حمید بھی ملاقات کرنے والوں میں بھی شامل تھے۔

اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، آپ نے ہمیشہ ہمارے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں۔اس موقع پروزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ افراتفری کی سیاست کرنا قومی مفادات کے منافی ہے، اپوزیشن کی سیاست صرف ذاتیات کے گرد گھومتی ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور ہر ہتھکنڈے کا مقابلہ کریں گے، عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے، وزیراعظم عمران خان عدم اعتماد سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، ترقی کا سفر روکنے کیلئے اپوزیشن سیاسی انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔