شہباز و حمزہ کیخلاف روزانہ سماعت سے متعلق تحریری فیصلہ جاری

106

لاہور (آن لائن) اسپیشل سینٹرل عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر کرنے کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ اسپیشل سینٹرل عدالت کے جج اعجاز حسن اعوان نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے مقدمے کا چالان ایک سال سے بھی زائد عرصے میں جمع
کرایا، فرد جرم میں تاخیر کے ذمے دار ملزمان نہیں ہیں، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کریمنل لاء ترمیمی ایکٹ 1958ء میں کہیں نہیں لکھا کہ ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے، عدالت پوری کوشش کرے گی کہ شہباز شریف کیس کو ترجیجی بنیادوں پر سنا جائے۔ ایف آئی اے نے دسمبر 2021ء میں درج مقدمے کاچالان ایک سال سے زائدعرصے میں پیش کیا، چالان تاخیر سے پیش کرنے کا الزام ملزمان پرنہیں لگایا جاسکتا۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے ابھی تک ملزمان کو 24 بینکرزکے بیانات کی کاپیاں فراہم نہیں کیں، چالان سے منسلک دستاویزات کی کاپیاں فراہم کرنے کے حکم پر پراسیکیوشن نے ابھی تک عمل نہیں کیا۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 241 اے اور 265 سی پرعمل کیے بغیر فردجرم عاید نہیں ہوسکتی۔