آسٹریلیا نے کراچی ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا

532
آسٹریلیا نے کراچی ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا

کراچی: آسٹریلوی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا۔

آسٹریلیوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنزنے آن لائن پریس کانفرنس میں کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، میچ میں ہم نے اچھی بیٹنگ کی لیکن بولنگ میں صرف 4 وکٹیں حاصل کرسکے اس شعبہ میں بہتری کی ضرورت ہے، پہلے ٹیسٹ کی کارکردگی سے مایوس نہیں ہیں مگر ہمیں اور وکٹیں لینا ہوں گی۔

پیٹ کمنز نے کہا کہ دنیا میں سب ٹیمیں اپنی ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتی ہیں دورہ بھارت میں بھی ایسا ہی ہوا تھا، برصغیر کی وکٹوں کے متعلق سب کو علم ہے، کراچی کی وکٹ ہمیشہ اسپنرزکے لئے معاون اور مدد گار ثابت ہوئی ہے، ہمیں بھی اپنے اسپنرز پر بھروسہ ہے نیتھن لائن اور لیگ اسپنر مچل سوئپسن کراچی میں بڑا فرق ڈال سکتے ہیں۔

آسٹریلیوی کپتان نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان میں کھیل رہے ہیں یہاں لوگوں نے بہت زیادہ پیار دیا اور بھرپور خیال رکھا ہے۔آسٹویلوی کپتان نے کہا کہ کراچی میں ریورس سوئنگ ہوسکتی ہے، ریورس سوئنگ ہوئی تو مچل اسٹارک خطرناک ثابت ہوں گے ۔پنڈی ٹیسٹ کے حوالے سے کہا کہ نعمان علی نے راولپنڈی میں بہترین بولنگ کی تھی۔

دورہ پاکستان کے حوالے سے کمنز نے کہا کہ ہمارے لیے یہ کافی اسپیشل سیریز ہے، اس سیریز کو اہم بنانے کیلئے بہت سے لوگ کردار ادا کررہے ہیں۔کینگروز کے کپتان نے کہا کہ یہاں لوگوں نے بہت زیادہ پیار دیا اور خیال رکھا ہے۔دوسری جانب پاکستان کے دورے پر آئی آسٹریلوی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا۔

کینگروز کی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز (کپتان)، نتھن لیون اور مچل سوئپسن شامل ہیں۔ پیٹ کمنز کے مطابق لیگ اسپنر مچل سوئپسن (کل) ہفتہ کو میچ میں ڈیبیو کریں گے جنہیں جوش ہیزل ووڈ کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔