گلشن جمال کے رفاہی پلاٹس سے قبضہ ختم کیا جائے، مکینوں کا مطالبہ

405

کراچی: گلشن جمال ریزیڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ترجمان نے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی ،ملٹری لینڈ ڈائریکٹوریٹ اور بیس کمانڈر و صدر فیصل کنٹونمنٹ بورڈ سے اپیل کی ہے کہ راشد منہاس روڈ سے ملحقہ اور اسٹیڈیم روڈ سے متصل پاکستان ریلوے ہائوسنگ ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی (PRECHS) جوکہ فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں واقع شہر کے اہم مقام پر آبادی ہے جہاں ریلوے سوسائٹی کے کرتا دھرتا فاروقی صاحب کی سرپرستی میں رفاہی پلاٹوں پر قبضہ ہے اور گرین بیلٹ سے متصل اسٹیڈیم روڈ مکمل طور پر کمرشل استعمال میں ہے۔ جس کے باعث مقامی رہائشی روزانہ کی بنیاد پر زلیل و خوار ہوتے ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ متعلقہ تمام اداروں نے اس ضمن میں مکمل طور پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور ان کے اہلکاروں نے چند ہزار کے ذاتی فائدے نے ہزاروں انسانوں کو پریشان کیا ہوا ہے۔ ریلوے سوسائٹی نے بالخصوص کنٹونمنٹ بورڈ فیصل کی آشیرباد سے بلاک E میں (پانی کی ٹنکی کے عین سامنے) R-215 سے متصل بچوں کا پارک جبکہ بلاک D میں 360 گز کا کلینک رفاہی پلاٹ تاحال غیر قانونی قبضے کا شکار ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ ایک عرصے سے مقامی رہائشی تمام متعلقہ اداروں کو درخواستیں بھی دے چکے، مگر نہ تو ریلوے سوسائٹی کے سر پر جوں تک رینگی نہ ہی کنٹونمنٹ بورڈ فیصل حرکت میں آیا۔ سونے پر سہاگہ کہ رفاہی مقاصد کی جگہیں باقاعدہ تجارتی کاموں کے لیے کمائی کا دھندا بنی ہوئی ہیں۔

 ترجمان نے بیس کمانڈر پاکستان ایئرفورس بیس فیصل سے اپیل کی کہ وہ بطور صدر کنٹونمنٹ بورڈ فیصل ازخود علاقے کا دورہ کریں اور اس ضمن میں ضروری ہدایات جاری کریں تاکہ عوامی فلاح کے لیے مختص جگہیں اپنے اصل مقاصد کے لیے ہی استعمال ہوں۔ پورے گلشن جمال میں نہ تو بچوں کے لیے ایک بھی مختص پارک ہےاور نہ ہی رفاہی مقاصد کے لیے کلینک، اس ضمن میں GJRWA عوام کے اس دیرینہ مطالبے کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر قانونی، اخلاقی اور عوامی انداز اس مسئلے کے حل کے لیے اٹھانے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔