یوکرینی صدر نے روس کے دونوں اہم مطالبات پر گھٹنے ٹیک دیئے

656
یوکرینی صدر نے روس کے دونوں اہم مطالبات پر گھٹنے ٹیک دیئے

 کیف :یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے روس کے دونوں اہم مطالبات پر گھٹنے ٹیکتے ہوئے روسی صدر سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں زیلینسکی نے کہا کہ وہ یوکرین کی مغربی دفاعی اتحاد نیٹو میں شمولیت کا مزید مطالبہ نہیں کریں گے۔ زیلینسکی نے پیوٹن کا ایک اور اہم مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین آزادی کا اعلان کرنے والے اپنے دو علاقوں کی قانونی حیثیت پر بھی سمجھوتے کیلئے تیار ہے جنہیں روس آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرچکا ہے۔

یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ یوکرین کے نیٹو میں شمولیت کے معاملے پر میں کافی پہلے ہی ٹھنڈا پڑ چکا ہوں، میں یہ سمجھ چکا ہوں کہ نیٹو یوکرین کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے، نیٹو متنازع معاملات سے خوفزدہ ہے، اسے روس کا سامنا کرنے سے ڈر لگتا ہے۔زیلینسکی نے نیٹو کی رکنیت کے حوالے سے یہ بھی کہا کہ وہ ایسے ملک کا صدر ہونا گوارا نہیں کریں گے جو کسی چیز کیلئے گھٹنوں پر بیٹھ کر کسی سے بھیک مانگے۔