وزیراعظم کی ایم کیوایم کی قیادت سے ملاقات، تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

415
وزیراعظم کی ایم کیوایم کی قیادت سے ملاقات، تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

کراچی:وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات کے دوران تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیوایم نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا، اپوزیشن جماعتیں ناکام ہوں گی۔

اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کے بعد اتحادیوں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے عمران خان متحرک ہو گئے ہیں،اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر علی زیدی، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر بھی وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ تھے جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے خالد مقبول، عامر خان ، امین الحق ، کنور نوید ،وسیم اختر ودیگر شریک تھے۔

ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور سندھ کے شہری علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے وزیر اعظم کو کراچی پیکیج پر عمل درآمد اور دیگر معاملات پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمارے دفاتر اب تک نہیں کھلے ہیں، جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ آپکے دفاتر جلد کھل جائیں گے۔

خیال رہے کہ وزیرِ اعظم کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات کے بعد حیدر آباد میں ایم کیو ایم کا زونل دفتر کھول دیا گیا۔ایم کیو ایم کے زونل آفس کے ترجمان نے بتایا کہ حیدر آباد کے بھائی خان چوک پر زونل آفس کھول دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کئی سال قبل بانی متحدہ کی متنازع تقریر کے بعد پابندی عائد کیے جانے پر کراچی، حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں واقع تنظیمی دفاتر بند کر دیے گئے تھے۔