تحریک عدم اعتماد کا معاملہ:28 ناراض اراکین کی فہرست وزیر اعظم کو پیش

348

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کو ایک فہرست پیش کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مبینہ طور پر تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے 28 اراکین قومی اسمبلی عدم اعتماد کی تحریک کے دوران ان کے خلاف ووٹ دے سکتے ہیں کیونکہ ان اراکین کے اپوزیشن کے ساتھ رابطے ہیں جس کے بعد ان اراکین کی سخت نگرانی بھی شروع کر دی گئی ہے ۔

وفاقی وزرا پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ ان اراکین کی ناراضگی کو دور کریں۔حکومتی ذرائع نے بتایا کہ یہ خفیہ رپورٹ ایک سول خفیہ ادارے نے وزیر اعظم کو بھجوائی ہے جس میں ان 28 اراکین کے نام بھی شامل ہیں جو ممکنہ طور پر عدم اعتماد کی تحریک میں اپوزیشن کا ساتھ دیں گے ان اراکین کے اپوزیشن کے ساتھ رابطو ںاور مختلف تقریبات میں ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے ان تمام اراکین کا تعلق تحریک انصاف سے ہے .

اتحادی جماعتوں کا کوئی رکن شامل نہیں ،فہرست میں زیادہ تر وہ لوگ ہیں جو 2018 کے انتخابات سے قبل یا بعد میں تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے ،وزیر اعظم نے ان ناراض اراکین کو منانے کا ٹاسک شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کو دیا ہے اور یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان اراکین کو اپوزیشن سے دور رکھنے کے لئے انہیں بیرون ملک بھی مختلف پارلیمانی وفود کا حصہ بنا کر بھجوایا جائیگا ۔دوسری طرف ان اراکین کی سخت نگرانی بھی کی جارہی ہے تا کہ ان کی تمام سرگرمیوں کی رپورٹ وزیر اعظم کو بھجوائی جا سکے البتہ وزیر اعظم عمران خان نے ان ناراض اراکین سے خود کوئی رابطہ نہیں کیا ۔