بلاول ووٹوں کے فارمولے سے تو وزیراعظم نہیں بن سکتے، شاہ محمود قریشی 

278
نفرت انگیز بیانیے کو لگام دینی چاہیے، وزیر خارجہ 

نوابشاہ: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کہ بلاول زرداری کی پنجاب میں مقبولیت صرف 5 فیصد ہے، وہ ووٹوں کے فارمولے سے تو وزیراعظم نہیں بن سکتے۔

سکرنڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ میں اب پرانے نعروں کی کشش نہیں رہی، پیپلزپارٹی اپنے مارچ میں رینٹ اے کار کا مجمع لے کر ساتھ چل رہی ہے، پیپلزپارٹی سرکار کی بیساکھیوں پر سیاست کر رہی ہے، ، نام نہاد مارچ میں پولیس، ایمبولینس سرکاری وسائل استعمال ہو رہے ہیں، بلاول سے معصومانہ سوال ہے کہ جہاں جاتے ہیں شہر کیوں بند کرا دیتے ہیں، اگر عوامی مارچ ہے تو عوام کو کیوں دور رکھا جارہا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بلاول زرداری ووٹوں کے فارمولے سے تو وہ وزیراعظم نہیں بن سکتے، پنجاب میں ان کی مقبولیت 5 فیصد ہے، کے پی، بلوچستان اور کراچی میں بھی آپ نہیں ہو، تو وزیراعظم کیسے بنو گے، بیٹا ابھی سیکھو ابھی آپ کو وقت لگے گا لکھی ہوئی باتیں بول دیتے ہو اچھا ہے، ایسے ہی انسان سیکھتا ہے، لیکن پودا ایک سال میں پھل دینا شروع نہیں کرتا، آپ پہلے یونین کالونی کا سفر طے کرو پھر اوپر آنا۔ میں 36 سال عملی سیاست کی ہے نرسری سے ایم اے کی کلاس میں داخل نہیں ہوا، بلدیہ سے آغاز کیا سیڑھی پر سیڑھی چڑھ کر آگے آیا ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کہتے ہیں سندھ کا حق نہیں دیا جارہا، سندھ کو اربوں روپے ملے ہیں، 9 ہزار ارب سندھ کے اکاو¿نٹ نمبر ون میں آئے ہیں، 14 سالوں میں 1400 ارب سندھ کی ترقی کے لئے مختص کئے گئے ہیں، عمران خان نے صرف تین سال میں سندھ کے لئے ایک ٹریلین مختص کئے ہیں، بلاول 9 ہزار ارب روپے کا حساب دیں، آڈٹ رپورٹ کہہ رہی ہے 44 فیصد بجٹ کرپشن کے نظر ہوگیا ہے، یہ ہم نہیں کہتے سرکاری ادارے بتاتے ہیں، آپ لوگ 15 سال سے صوبائی حکومت میں بیٹھے ہیں، آپ جواب نہیں دیں گے، لیکن ہم 3 سال کا حساب دینے کے لئے تیار ہیں، سندھ کی صحت تعلیم امن وامان کی صورتحال سب کے سامنے ہیں، جوکہ صوبائی اختیار میں ہیں، عوام 15 سال سے مایوس اور پی پی پی کے اقتدار سے تنگ آگئے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں، ہم سندھ بچانے آئے ہیں، ان کے نام نہاد عوامی مارچ میں کوئی جان نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول کہتے ہیں کہ میری جیب میں عدم اعتماد کی تحریک ہے، لیکن گزشتہ روز ان کی عدم اعتماد کی تحریک کی ہوا نکل گئی، چوہدری برادران نےوزیر اعظم کے ساتھ تائید کا اعادہ کیا، اور ہمارے باقی اتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں، تحریک انصاف کا ایم این اے کسی گروپ کا حصہ نہیں، تحریک انصاف میں عمران خان کے علاوہ کوئی گروپ نہیں باقی سب کھیل تماشہ ہے، اپوزیشن کے پاس نمبر نہیں ہیں، ن لیگی انتخابات چاہتے ہیں اور پیپلز پارٹی والے انتخابات نہیں چاہتے ہیں،

وزیرخارجہ نے کہاکہ روس اور یوکرین کی جنگ میں پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے، یوکرین کے ساتھ تین ممالک کے سرحدی حدود لگتی ہے جن سے ہماری بات ہوئی ہے، اب تک 1 ہزار 132 بچے بارڈر کراس کر چکے ہیں، کل 3 ہزار طلبا و طالبات تھی ان سے بیشتر پہلے نکل آئے تھے جو رہ گئے ان کے ڈاکومنٹس تیار نہیں تھے اس لئے وہ رہ گئے ہیں، ان کے لئے کوشش کر رہے ہیں غافل نہیں ہیں۔