بلاول زرداری ووٹوں کے فارمو لے سے وزیراعظم نہیں بن سکتے:شاہ محمود قریشی

185
” یوکرین سمیت تمام تنازعات کو بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں حل کریں گے

سکرنڈ: تحریک انصاف کے وائس چیئر مین وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے کہا  کہ بلاول زرداری  ووٹوں کے فارمو لے سے وزیراعظم نہیں بن سکتے  کیونکہ پنجاب میں ان کی مقبولیت صرف 5 فیصد ہے۔

سکرنڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں اب پرانے نعروں کی کشش  باقی نہیں رہی، پیپلزپارٹی اپنے مارچ میں رینٹ اے کار کا مجمع لے کر ساتھ چل رہی ہے، پیپلزپارٹی سندھ سرکار کی بیساکھیوں پر سیاست کر رہی ہے، نام نہاد مارچ میں  سند ھ پولیس، ایمبولینس ،سرکاری وسائل استعمال ہو رہے ہیں، بلاول سے معصومانہ سوال ہے کہ جہاں جاتے ہیں شہر کیوں بند کرا دیتے ہیں، اگر عوامی مارچ ہے تو عوام کو کیوں دور رکھا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول کہتے ہیں کہ میری جیب میں عدم اعتماد کی تحریک ہے، لیکن گزشتہ روز ان کی عدم اعتماد کی تحریک کی ہوا نکل گئی، چوہدری برادران نے وزیر اعظم کے ساتھ تائید کا اعادہ کیا اور ہمارے باقی اتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں، تحریک انصاف کا ایم این اے کسی گروپ کا حصہ نہیں، تحریک انصاف میں عمران خان کے علاوہ کوئی گروپ نہیں   ہے۔اپوزیشن کے پاس نمبر نہیں ہیں،ن لیگی انتخابات چاہتے ہیں اور پیپلز پارٹی والے انتخابات نہیں چاہتے ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ روس اور یوکرین کی جنگ میں پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے، یوکرین کے ساتھ تین ممالک کے سرحدی حدود لگتی ہے جن سے ہماری بات ہوئی ہے، اب تک 1 ہزار 132 بچے بارڈر کراس کر چکے ہیں، کل 3 ہزار طلبا و طالبات تھے  ان سے بیشتر پہلے نکل آئے تھے جو رہ گئے ان  کی دستاویزات تیار نہیں تھیں  اس لئے وہ رہ گئے ہیں، ان کے لئے کوشش کر رہے ہیں  ، اس معاملے میں غافل نہیں ہیں۔ دریں اثناء   شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا نظریہ سندھ کے عوام کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلا سکتا ہے، تحریک انصاف کا مشن پاکستان کو خود مختا ر،مستحکم اور خوشحال بنانا ہے، ہمارا قائد ملکی مفاد کا سودا نہیں کرتا۔

سانگھڑ میں سندھ حقوق مارچ کے پانچویں روز  شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو شکست دینے کیلئے  سانگھڑ والوں کو فارمولا دے رہا ہوں کہ سانگھڑ  کی غوثیہ جماعت، پیر صاحب پگاڑا کی حر جماعت اور عمران خان کا پاکستان بچانے کا نظریہ جمع کر دو تو سانگھڑ سے پیپلز پارٹی کا صفایا کیا جا سکتا ہے، میں سیاسی حکیم ہوں، بہترین نسخہ دیکر جا رہا ہوں ، پیر صاحب پگاڑا نے مجھے جو عزت دی تھی اسے کبھی نہیں بھول سکتا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پانچ دن سے سندھ حقوق ریلی کی قیادت کر رہا ہوں اور سندھ میں اپنے لئے نہیں آیا بلکہ سندھ کے عوام کے حقوق کیلئے آ یا ہوں ، سندھ کے لوگ   15سال سے پیپلز پارٹی کے  جال میں پھنسے ہوئے ہیں۔   سندھ کے لوگو اس جال سے  آزادی چاہتے ہو تو ہمارے ساتھ چلو،  نوجوانو  سندھ کے نااہل حکمرانوں اور سندھ کے وسائل کو لوٹنے والوں سے حساب لینے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ د و۔وزیر اعظم عمران خان   سندھ اور پاکستان کی لوٹی ہوئی رقم کو واپس لانے کیلئے جنگ لڑ ر ہے ہیں  اور ان شاء اللہ سندھ کا پیسہ سندھ کے عوام پر لگائیں گے۔