عالمی رہنماؤں نےروس سے یوکرین میں کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کردیا

243

ماسکو: روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد عالمی رہنماوں کے ردعمل سامنے آرہے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  چینی وزارت خارجہ نے بیان جاری کیا ہے کہ کسی بھی ایسے اقدام پر اعتراض ہے جو جنگ کو بڑھاوا دے، کچھ ممالک امریکہ کی پیروی کرتے ہوئے جلتی پر تیل پھینکنے کا کام کرہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں چینی سفیر نے یوکرین حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت یوکرین کی نازک صورتحال ہے، یوکرین کے مسئلے کے پرامن حل کا دروازہ مکمل بند نہیں ہوا اور نہ ہی اس دروازے بند ہونے چاہیے۔ چینی سفیر کے مطابق اس وقت تنازعات میں شدت پیدا کرنے سے گریز کرنا ضروری ہے، جبکہ چین بات چیت کو اپنے طریقے سے فروغ دینا جاری رکھے گا۔

فرانسیسی صدرنے روس کے یوکرین پرحملے کی مذمت کی ہے،فرانسیسی صدرکا کہنا ہے کہ روس فوری طورپرفوجی آپریشن روکے، یوکرین کی سفارتی اورمالی مددجاری رکھیں گے، فرانس اپنے اتحادیوں کیساتھ کھڑارہے گا۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے روس سے یوکرین کے خلاف کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ روس تمام فوجی اور پراکسی فورسز کو واپس بلائے، روس کے اقدامات کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، کینیڈا روس کی بلاجواز جارحیت کو روکنے کے لیے اضافی کارروائی کرے گا۔

نیٹو سربراہ جینز اسٹولٹن برگ نے روس کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کے اتحادی روس کے تازہ ترین اقدام سے نمٹنے کے لیے ملاقات کریں گے، سربراہ نیٹو کے مطابق اس مشکل وقت میں یوکرین کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ نیٹو اتحادیوں کے تحفظ اور دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔