حکومتی نا اہلی سے بلڈپریشر، شوگر اوردل کے امراض کی ادویات مارکیٹ سے غائب

380
  حکومتی نا اہلی سے بلڈپریشر، شوگر اوردل کے امراض کی ادویات مارکیٹ سے غائب

فیصل آباد:جماعت اسلامی کے امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ بلڈپریشر، شوگر اوردل کے امراض اور بخار کی 55 فیصدسے زائد ادویات مارکیٹ سے غائب ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

پروفیسر محبوب الزماں بٹ کا کہنا تھا کہ اگر کسی جگہ سے ادویات دستیاب ہیں بھی تو ان کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ ہو چکا ہے ۔پنجاب بھر میں ادویات ساز کمپنیوں کی ملی بھگت سے بلیک مارکیٹنگ کی جارہی ہے ۔ حکومت کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی مجرمانہ غفلت کے باعث عوام کو ادویات ساز کمپنیوں کو رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جو انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں۔ جان بچانے والی ادویات کی خریدبھی عوام کی پہنچ سے دورہو چکی ہے۔ گورنمنٹ سپلائی میں جو پروڈکٹ 100 روپے میں مل جاتی ہے وہی پروڈکٹ عام میڈیکل اسٹور پر 1500روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں ادویات کا معیار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ارزاں نرخوں پر دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔۔