پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر عارف علوی

331

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ  پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان سری لنکا کے ساتھ باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بہتر بنانا چاہتا ہے، دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاحت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت  سے سری لنکن بحریہ کے کمانڈر، وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے ملاقات  کی  ۔ صدر مملکت کا اس موقع پر کہناتھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جنہیں دونوں ممالک کے مفادات کے لیے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک میں ثقافتی تعاون اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کی بڑی صلاحیت ہے۔ پاکستان میں بدھ مت کے بہت سے مقامات ہیں، سری لنکا کے بدھ بھکشوؤں کو مذہبی مقامات کی سیر کے لیے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کو بے دردی سے قتل کرنے کے افسوس ناک واقعے کی شدید مذمت کی اور  گہرے غم اور دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہحکومت نے واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کی۔

صدر عارف  علوی کا کہناتھا کہ  سی پیک اور گوادر پورٹ سے علاقائی روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔سی پیک سے پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے ، معاشی خوشحالی میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے خلاف روا رکھے جانے والے مظالم کو بھی اجاگر کیا۔ انکا کہناتھا بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم ایک سنگین تشویش کا باعث ہے، بدقسمتی سے بھارتی حکومت اسے نظر انداز کر رہی ہے۔بھارت ایک متشدد ہمسایہ ہے اور پورے خطے کے امن کو خراب کرنے پر تلا ہوا ہے۔افسوس کہ ہندوستان اپنے تسلط پسندانہ عزائم کی وجہ سے سارک کو فعال نہیں ہونے دے رہا۔

وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے مشکل وقت میں سری لنکا کا ساتھ دینے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ سری لنکن کمانڈر نے سری لنکن شہری کے بہیمانہ قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف حکومت کی جانب سے کی گئی کارروائی کو بھی سراہا۔ سری لنکن کمانڈر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔