ڈیرہ پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں شروع ہونے والی پولیو مہم کے سلسلے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات

225

ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیرہ پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں شروع ہونے والی پولیو مہم کے سلسلے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات، تحصیل کلاچی سمیت حساس قرار دیئے گئے علاقوں میں پولیس ہائی الرٹ، ڈی پی او ڈیرہ کا سیکورٹی صورتحال کے جائزہ کے سلسلے میں مختلف علاقوں کا دورہ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں محکمہ صحت کی جانب سے 5روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوچکی ہے، اس سلسلے میں کلاچی سمیت دیگر حساس قرار دیئے گئے علاقوں میں ڈیرہ پولیس کی طرف سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں ڈیرہ پولیس کے 2500سے زائد پولیس افسران و اہلکاران اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں، جنکی براہ راست نگرانی ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن (ر)نجم الحسنین لیاقت کر رہے ہیں۔

ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن(ر)نجم الحسنین لیاقت نے پولیو مہم کی سیکورٹی کے سلسلے میں مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سیکورٹی پر مامور اہلکاروں کو چوکس و چوکنا رہنے سمیت محکمہ صحت کی تشکیل کردہ پولیو ٹیم کی سیکورٹی کو مضبوط تر بنانے کی ہدایت کی،ڈی پی او ڈیرہ کی ہدایت پر تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کی نگرانی میں سیکورٹی کو سخت کر دیا گیا ہے، اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹ کے استعمال کو یقینی بنانے اور امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔