پاکستان بیلجئم کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے،آرمی چیف

302

برسلز: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان بیلجئم کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیلجئم کا دورہ کیا، اس دوران سپہ سالار کی بیلجئم کے وزیر دفاع، چیف آف ڈیفنس اور چیف آف سٹاف سے ملاقات کی۔

بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ،علاقائی سکیورٹی صورتحال، باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے عسکری اور دفاعی پیداوار میں تعاون کے فروغ اور انسداد دہشت گردی، انٹیلی جنس، تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بیلجئم کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بیلجیئم کی عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ معیار کی تعریف کی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیلجیئم کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے برسلز میں یورپی یونین ملٹری کمیٹی کے چیئرمین جنرل کلاڈیو اور سیکرٹری جنرل یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروسز سٹیفانو سانینو سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں افغانستان سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی جبکہ یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعلقات سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں یورپی یونین حکام نے خطے کے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ پاکستان یورپی یونین ممالک سے اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، یورپی یونجن ممالک سے مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔